ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: حنیف آباد میں پینےکے پانی کی قلت : عوام کا احتجاج : کیا صاحبان اور آفسران کے پاس عوامی مسائل کے لئے وقت نہیں ؟

بھٹکل: حنیف آباد میں پینےکے پانی کی قلت : عوام کا احتجاج : کیا صاحبان اور آفسران کے پاس عوامی مسائل کے لئے وقت نہیں ؟

Wed, 12 Apr 2017 20:15:06    S.O. News Service

بھٹکل:12/اپریل(ایس اؤنیوز)گرمی کی شدت کودیکھیں تو اس مرتبہ موسم گرما اپنی انتہا کو پہنچتا نظر آرہاہے، ندی ، نالے ، کنوئیں ، تالاب سب خشک ہوچکے ہیں، اس دوران تعلقہ کے ہیبلے گرام پنچایت حدود کے حنیف آباد میں عوام نے پینے کے پانی کوسپلائی کرنے کی مانگ کرتے ہوئے بدھ کی شام سڑک پر اتر کر احتجاج کیا ہے۔

احتجاجیوں نے بتایا کہ علاقہ کے 50سے زائد کنوؤوں کا پانی سوکھ گیا ہے ، علاقہ کے عوام مسجد کے صحن میں 18سال پہلے کھودے گئے جس کنوئیں کے سہارے جی رہے تھے اب وہ بھی کافی نہیں ہورہاہےکیونکہ یہاں کا پانی طلحہ اسٹریٹ کو سپلائی کئے جانے کی وجہ سے پانی کی قلت محسوس ہورہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حنیف آباد کی مسجد کے اطراف کےسینکڑوں خاندان پانی کے لئے ترساں ہیں۔ مقامی عوام کے لئے 8ماہ قبل جو بورویل کھودا گیا تھااس میں پانی دستیاب ہے ، لیکن ٹینک کو بجلی کا کنکشن نہ دینے کی وجہ سے وہ بورویل بھی بے کار ثابت ہواہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ پنچایت صدراور افسران کو اس سلسلے میں اگر کوئی پوچھتاہے تو ٹھیک سے جواب بھی نہیں ملتا۔ کچھ دن پہلے علاقہ کے تمام عوام نے متحدہ طورپر پنچایت کو توجہ دلائی تھی لیکن صاحبان اور افسران کے پاس اتنی فرصت نہیں ہے کہ وہ جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کرے اور عوام کی تکالیف کو دور کرے۔ غصے سے بھرے عوام نے متنبہ کیا کہ اگر علاقہ کے مکینوں کا پانی کا مسئلہ فوری حل نہیں کیا گیا تو وہ  اپنے علاقہ میں موجود بورویل کا پانی کسی اور جگہ سپلائی کرنے نہیں دیں گے اور بورویل پر تالہ لگادیں گے۔ احتجاجیوں کے مطابق اگر ہمیں پانی نہیں ملا تو ہم اپنے علاقہ کا پانی دوسروں کو بھی سپلائی کرنے نہیں دیں گے۔

عوامی احتجاج کو دیکھتے ہوئے جائے وقوع پر پہنچے نوڈل آفیسر نکھیل راج نے عوامی شکایات کی سماعت کی اور پینےکے پانی کے مسئلے کو لے کر مقامی تحصیلدار اور تعلقہ پنچایت آفیسر کو جانکاری دینےکی بات کہی۔ جائے وقوع پر موجود پنچایت کے نائب صدر اِبوّعلی  اور  پنچایت ممبر سید علی نے بتایا کہ  بورنگ کاکام آخری مرحلے میں ہے، دونوں نے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے اپنی بساط سے زیادہ کوشش کرنے کا یقین دلایا ہے۔ سماجی کارکن نثار احمدرکن الدین سمیت کئی دیگر علاقہ کے ذمہ داران موجود تھے۔

اس سلسلے میں مقامی تحصیلدار وی این باڈکر سے سوال کرنے پر انہوں نے بتایا کہ وہ کل  جمعرات کی صبح حنیف آباد کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیں گے۔ بورنگ کاکام کیوں مکمل نہیں ہواہے اور کام کیوں رُکا ہوا ہے، اس تعلق سے پوری جانکاری لیں گے اور ضروری اقدامات کریں گے۔ تحصیلدار وی این باڈکر نے بتایا کہ اگر بورنگ کا کام فوری تکمیل تک نہیں پہنچتا ہے وہ عارضی طور پر ٹینکر کے ذریعے حنیف آباد کے مکینوں کو پانی سپلائی کرنے کا یقین دلایا ہے۔

12april3.JPG


Share: